غزہ کی صورت حال روز بروز ابتر ہوتی جا رہی: برطانیہ نے خبردارکر دیا

Published On 04 June,2025 03:38 am

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ نے کہا ہے کہ غزہ کی صورت حال روز بروز ابتر ہوتی جا رہی ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیرِاعظم کیئر اسٹامر نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے زور دے کر کہا کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ فلسطینی علاقے کو فوری طور پر مزید انسانی امداد فراہم کی جائے۔

کیئر اسٹارمر نے کہا کہ غزہ کے حوالے سے ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور ہمیں بالکل واضح ہونا ہوگا کہ انسانی امداد کو جلد از جلد اور بڑی مقدار میں پہنچنا چاہئے، کیوں کہ فی الوقت جو امداد پہنچ رہی ہے وہ نا کافی ہے اور اس کمی کے باعث شدید تباہی ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے امدادی قافلوں کو غزہ میں داخلے کی اجازت نہ دینے پر غزہ میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہوچکی ہے اور عالمی ادارے بھی فلسطینیوں کی زندگیوں کو لاحق خطرات کے باعث شدید تشویش کا اظہار کرچکے ہیں۔