لندن: (دنیا نیوز) فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم کیخلاف لندن میں مظاہرہ کیا گیا۔
ہزاروں شہریوں نے برطانوی پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کیا، سرخ لباس پہنے مظاہرین نے برطانوی پارلیمنٹ کا علامتی گھیراؤ کیا، پارلیمنٹ کے سامنے سرخ کپڑے سے ریڈ لائن بنائی۔
مظاہرین نے اسرائیل کو اسلحہ کی فروخت بند کرنے اور فلسطینیوں پر مظالم بند کرانے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ صیہونی فورسز کی نہتے فلسطینیوں کے خلاف دہشت گردی کارروائیاں جاری ہیں، اسرائیل کی جانب سے نقل مکانی کرتے، امداد کے متلاشی اور خیموں میں مقیم فلسطینیوں پر وحشیانہ حملے بھی کئے گئے، 24 گھنٹے میں صیہونی حملوں میں مزید 95 فلسطینی شہید اور 440 زخمی ہوگئے۔
فلسطینی حکام کا بھی کہنا ہے کہ 50 ہزار حاملہ خواتین کی زندگیاں خوراک اور ادویات کی قلت سے خطرے میں ہیں، خون کی کمی سے ہر روز بڑی تعداد میں لوگ دم توڑ رہے ہیں، شہدا کی مجموعی تعداد 54 ہزار 607 ہوگئی، 1 لاکھ 25 ہزار 341 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔