اسرائیل کی غزہ میں عید کے روز بھی بمباری، مزید42 فلسطینی شہید، 4 قابض فوجی ہلاک

Published On 07 June,2025 08:54 am

غزہ : (دنیا نیوز) اسرائیل نے غزہ میں عید کے روز بھی بمباری کر دی جس سے مزید 42 فلسطینی شہید ہو گئے۔

فلسطینیوں کے لیے عید الاضحیٰ کے پہلے دن کا آغاز دکھ اور تباہی کے ساتھ ہوا، جب اسرائیلی نے مختلف علاقوں پر حملے کردیے، 11 افراد صرف شمالی علاقے جبالیا پر ہونے والے اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے۔

دوسری جانب غزہ کے علاقے خان یونس میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجی دھماکہ خیز مواد اور سرنگوں کا پتا لگانے کے لیے ایک عمارت میں داخل ہوئے تھے جہاں مزاحمت کاروں نے پہلے سے بارودی مواد نصب کیا ہوا تھا، دھماکے سے عمارت اسرائیلی فوجیوں پر آگری جس کے نتیجے میں اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔

ادھر امریکی حمایت یافتہ تنظیم نے غزہ پٹی میں تمام امدادی مرکز ایک روز سے زائد بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، تنظیم کے امدادی مرکز پر اب تک اسرائیلی حملوں میں امداد کے منتظر 110 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

اسرائیل کے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن نے فلسطین کو مبصر ریاست کا درجہ دے دیا ہے جبکہ اسرائیل کی غزہ پر جنگ میں اب تک کم از کم 54 ہزار 677 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔