مقبوضہ بیت المقدس: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی بمباری سے حماس کے بانی رہنما محمد عیسیٰ العیسی شہید ہوگئے، حزب کمانڈر بھی شہید کرنے کا دعویٰ کیا گیا، اسرائیل کی کئی مقامات پر بمباری سے 72 نہتے فلسطینی بھی جاں بحق ہوئے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے ماسٹر مائنڈ حماس لیڈر محمد عیسیٰ العیسی کو صابرہ میں شہید کیا گیا، العیسی کو حماس کے بانیوں میں شمار کیا جاتا تھا،عیسیٰ العیسی جنگجو ونگ کے سپورٹ ہیڈ کوارٹر کے سربراہ تھے۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری جاری ہے، اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید 72 فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہو گئے، جنین میں ملبے سے 29 بچوں کی لاشیں ملی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسرائیل نے پناہ گزین کیمپوں، سکولوں اور گھروں کو نشانہ بنایا، غزہ شہر میں جافا سکول کے قریب اسرائیلی حملے میں 5 بچوں سمیت 8 فلسطینی شہید ہوگئے۔
غزہ شہر کے ایک سٹیڈیم کے قریب حملے میں بچوں سمیت کم از کم 11 افراد ہلاک ہو گئے، المواسی کے علاقے میں ایک اپارٹمنٹ بلاک اور ایک خیمے پر حملوں میں چودہ افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
سرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے علاقے محرونا میں کیے گئے ایک فضائی حملے میں حزب اللہ کے ایک کمانڈر عباس الحسن وہبی کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے، عباس الحسن حزب اللہ کی رضوان فورس بٹالین کے انٹیلیجنس چیف تھے۔
غزہ میں 7 اکتوبر 2023ء کے بعد شہداء کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہے: اسرائیلی اخبار
غزہ میں وزارت صحت کے مطابق شہدا کی مجموعی تعداد 56 ہزار 412 ہوگئی جبکہ 1 لاکھ 33 ہزار 56 فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی اخبار ہارٹز کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں طبی حکام کے اعدادو شمار حقیقت سے کہیں کم ہیں، غزہ میں 7 اکتوبر 2023 کے بعد شہید ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہے۔
دوسری طرف اسرائیل کی جانب سے لبنان کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کی پھر خلاف ورزی کی گئی اور اسرائیلی ڈرون حملے میں دو لبنانی شہری شہید اور دو زخمی ہو گئے۔
اسرائیل کے لبنان، شام، یمن اور ایران پر 18 ہزار حملے
ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ 20 ماہ میں اسرائیل کے حملے غزہ سمیت مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک تک بڑھ گئے۔
اسرائیل نے لبنان، شام، یمن اور ایران پر حملے کیے، امریکی غیر سرکاری تنظیم کے مطابق اسرائیل نے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں سب سے زیادہ 18 ہزار سے زائد حملے کیے۔
لبنان میں 15 ہزار سے زائد اسرائیلی حملوں میں ڈیرھ ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں۔
اسرائیل نے شام میں گزشتہ چھ ماہ میں 200 حملے کیے جبکہ اسرائیل نے یمن پر 39 حملوں میں ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں کو نشانہ بنایا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے ایران پر 13 سے 23 جون کے دوران 146 حملے کیے جن میں بچوں سمیت 606 ایرانی شہید، 5 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔
غزہ میں امداد لینے والوں کو موت کے گھاٹ اتارا جا رہا ہے: اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے امریکہ کے زیر انتظام امدادی مراکز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں امداد لینے والوں کو غیر فطری طور موت کے گھاٹ اتارا جارہا ہے، امداد کی تقسیم کا موجودہ نظام غیر محفوظ اور ناقابل قبول ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا امداد لینے والوں کو محض اس لیے مارا جا رہا ہے کہ وہ اپنا اور اپنے خاندان کا پیٹ بھرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کھانے کی تلاش موت کی سزا نہیں بننی چاہئے۔
ڈاکٹرز ودآؤٹ بارڈرز نے بھی غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن کی سرگرمیاں روکنے کا مطالبہ کیا ہے اور اس امریکی اسرائیلی فاؤنڈیشن کو بار بار قتل عام کا ذمہ دار قرار دیا، زندگی کی کم سے کم ضروریات کے حصول کے لیے فلسطینیوں کی تذلیل کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ ایک روز اسرائیلی اخبار ہارٹز نے مفصل رپورٹ شائع کی تھی جس میں اسرائیلی فوجیوں نے اعتراف کیا تھا کہ امداد کے لیے اکٹھے ہونے والوں پر جان بوجھ کر گولی چلائی جاتی ہے، کمانڈروں کا حکم ہے۔