لندن، بارسلونا، روم، پیرس: (دنیا نیوز) شدید گرمی کے باعث یورپی و برطانوی حکام نے ہیلتھ اور وائلڈ لائف وارننگز جاری کردیں جبکہ اٹلی، یونان، سپین اور پرتگال میں ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کردی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سپین کے دارالحکومت بارسلونا میں گرمی سے ایک خاتون کی ہلاکت کی اطلاع سامنے آئی، پرتگال کے علاقے مورا میں درجہ حرارت 47 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کردی گئيں۔
اٹلی میں روم، میلان اور نیپلز سمیت 21 شہروں کو ہائی ہیٹ الرٹ پر ڈال دیا گیا، ہسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک کے متعدد کیسز رپورٹ ہوئے اور مختلف علاقوں میں دن کے وقت آؤٹ ڈورسرگرمیوں پر پابندی لگانے پر غور کیا جارہا ہے۔
پیرس میں آج سال کا گرم ترین دن ریکارڈ ہواجہاں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ہوگیا جوکہ 49 تک جانے کا امکان ہے، فرانس میں درجہ حرارت 34 ڈگری ہے جو 38 تک جانے کا امکان ہے جس کے باعث اورنج الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور تعلیمی ادارے بند کردیے گئے ہیں۔
برطانوی تاریخ میں جون کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا اور مانچسٹر میں درجہ حرارت 35 ڈگری کو چھوگیا، یورپ کے متعدد ملکوں میں جنگلات میں آگ لگنے کی وارننگ بھی جاری کردی گئی جبکہ گرمی سے بچنے کے لیے لوگوں نے ساحل کا رخ کرلیا۔