کراچی: (دنیا نیوز) اراکین سندھ اسمبلی ایم کیو ایم نے کہا کہ کچھ ملی میٹر کی بارش نے سندھ حکومت کے ترقیاتی دعوؤں کی قلعی کھول دی۔
اراکین سندھ اسمبلی ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ کراچی کی ٹوٹی سڑکیں تالاب، گلیاں ندی نالے بن گئیں، حکومت غائب اور عوام بےحال ہیں، پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت، جعلی میئر اور جماعت اسلامی کے بلدیاتی چیئرمینز سب ناکام ہیں۔
ایم کیو ایم کے اراکین سندھ اسمبلی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی والے ایک دوسرے پر الزام تراشی کر رہے ہیں جبکہ عوام بارش کے پانی میں ڈوب گئے ہیں، تھوڑی سی بارش نے’شہرِ قائد‘ کو مفلوج کر دیا، حسب معمول انتظامیہ خوابِ خرگوش میں سو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بلدیہ سنبھالنے کے بعد صرف پریس کانفرنسیں کیں، میدان میں ان کی کارکردگی صفر ہے، نالوں کی صفائی، نکاسی آب، انفراسٹرکچر کی بہتری کے سب دعوے صرف کاغذی ہیں۔
ایم کیو ایم کے اراکین سندھ اسمبلی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی دہائیوں کی حکومت کے بعد بھی تباہ حال کراچی بارش و سیوریج کے پانی میں غرق ہے، عوام سوال کر رہے ہیں 18ویں ترمیم کے بعد حاصل اختیارات و وسائل کا کیا فائدہ ہوا۔