غزہ :(دنیا نیوز) اسرائیلی فورسز نے غزہ میں فائرنگ اور بمباری کرکے کم از کم 42 فلسطینیوں کو شہید کر دیا ہے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق کے مطابق ہسپتال کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی افواج نے ایک بار پھر ان لوگوں کو نشانہ بنایا، جو خوراک کے انتظار میں تھے اور ہسپتال زخمیوں سے نمٹنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
اسرائیلی حملے میں جنوبی غزہ میں فلسطینی ڈاکٹر اور بچے شہید ہوئے۔موسیٰ حمدان خفاجہ مقامی ہسپتال میں شعبۂ زچگی و امراض نسواں میں کنسلٹنٹ تھے جو اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہو گئے، یہ حملہ المصاوی کے علاقے میں بے گھر افراد کے لیے قائم ایک خیمے کو نشانہ بنا کر کیا گیا، جس میں ان کے 3 بچوں سمیت کئی اہل خانہ بھی شہید ہوئے۔ المصاوی کے علاقے کو اسرائیل نے ’انسانی ہمدردی کا زون‘ قرار دیا تھا۔
عرب میڈیا رپورٹس میں مزید کہنا گیا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اب تک غزہ میں ایک ہزار 580 سے زائد طبی کارکن شہید ہو چکے ہیں، جن میں 90 ڈاکٹرز اور 132 نرسیں شامل ہیں۔