حماس کے ناقابلِ قبول مطالبات کے باوجود مذاکرات کے لیے تیار ہیں: اسرائیلی وزیراعظم

Published On 06 July,2025 09:21 am

مقبوضہ بیت المقدس: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کی تازہ ترین تجویز پر حماس کے ساتھ بات چیت کے لیے آج ایک وفد قطر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو کے دفتر نے کہا ہے کہ انہوں نے یہ دعوت قبول کر لی ہے حالانکہ حماس قطر، امریکہ اور مصر کے ثالثوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے منصوبے میں ناقابل قبول تبدیلیاں لانا چاہتی ہے۔

واضح رہے کہ حماس نے کہا تھا اس نے 60 روزہ جنگ بندی کی تجویز پر ’مثبت ردعمل‘ دیا ہے اور وہ مذاکرات کے لیے تیار ہے تاہم ایک فلسطینی عہدیدار نے کہا کہ گروپ نے ترامیم کا مطالبہ کیا ہے جس میں اس بات کی ضمانت بھی شامل ہے کہ اگر مستقل جنگ بندی پر بات چیت ناکام ہوتی ہے تو حملے دوبارہ شروع نہیں ہوں گے۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ حماس جنگ بندی کی تجویز میں جو تبدیلیاں کرنا چاہتی ہے وہ اسرائیل کے لیے ناقابل قبول ہیں، صورتحال کے جائزے کی روشنی میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نتن یاہو نے ہدایت کی ہے کہ مذاکرات کی دعوت قبول کی جائے اور قطری تجویز کی بنیاد پر ہمارے یرغمالیوں کی واپسی کے لیے رابطے جاری رکھے جائیں ۔

اس سے قبل ایک اسرائیلی عہدیدار نے مقامی میڈیا کو بتایا تھا کہ حماس نے جس طرح جواب دیا ہے اس میں کچھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔

امکان ہے کہ دوحہ میں ہونے والے بالواسطہ مذاکرات میں باقی ماندہ خلا کو پر کرنے کے لیے ثالثوں کا کام ختم ہو جائے گا، ان معاملات پر گہری نظر رکھنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہوں گے، جو حالیہ دنوں میں کسی معاہدے کے امکانات کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔

حماس کے ردعمل کے بارے میں بریفنگ دیے جانے سے قبل انھوں نے کہا تھا کہ یہ اچھی بات ہے کہ یہ گروپ مثبت ہے اور اگلے ہفتے غزہ کے ساتھ معاہدہ ہو سکتا ہے، ٹرمپ پیر کے روز نتن یاہو سے ملاقات کریں گے اور یہ واضح ہے کہ وہ اس وقت کسی اہم پیش رفت کا اعلان کرنا چاہیں گے۔

حماس کے زیر انتظام سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا ہے کہ غزہ میں ہفتے کے روز اسرائیلی حملوں اور فائرنگ سے کم از کم 35 فلسطینی ہلاک ہوئے۔

قریبی شہر خان یونس کے ایک ہسپتال کے مطابق المواسی کے علاقے میں خیموں پر بمباری کے نتیجے میں ایک ڈاکٹر اور ان کے تین بچوں سمیت سات افراد ہلاک ہو گئے۔