اسرائیلی فورسز کی غزہ میں خونریزی جاری، مزید 78 فلسطینی شہید

Published On 06 July,2025 07:09 pm

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فورسز کے غزہ میں خونریز حملے تھم نہ سکے ، سکولوں میں پناہ لیے ہوئے فلسطینیوں پر بمباری اور فائرنگ سے 24 گھنٹوں میں مزید 78 فلسطینی شہید،304 زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی غزہ شہر میں مکان پر بمباری سے 12 افراد کوشہید ہوئے ، غزہ کے دیگر علاقوں میں اسرائیلی حملوں میں 27 فلسطینی شہید ہو گئے۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج مئی سے اب تک امداد کے منتظر 743 افراد کو شہید کرچکی، شہدا کی مجموعی تعداد57 ہزار 418 ہوگئی جبکہ 1 لاکھ 36 ہزار 261 افراد زخمی ہیں۔

اسرائیلی فوج نے اقوام متحدہ کے زیر انتظام ایک سکول اور غزہ سٹی میں ایک رہائشی عمارت کو بھی نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد شہید ہو گئے۔

عینی شاہدین کے مطابق حملہ اُس وقت کیا گیا جب بے گھر افراد اقوام متحدہ کے الشافی سکول میں پناہ لیے ہوئے تھے اور سو رہے تھے، حملے سے زندہ بچ جانے والی خاتون زہوا سلمی نے قطری نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ایک زور دار دھماکہ ہوا، لوگ مدد کے لیے پکار رہے تھے، لیکن پھر خاموشی چھا گئی۔