امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کرکے خطرناک مثال قائم کی: چینی وزیر خارجہ

Published On 06 July,2025 07:55 pm

پیرس: (ویب ڈیسک) چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای کا کہنا ہے کہ امریکا نے خودمختار ملک ایران کی جوہری تنصیبات پر کُھلم کھلا حملہ کر کے ایک خطرناک مثال قائم کی۔

پیرس میں فرانسیسی وزیرِ خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای نے کہا کہ اگر کوئی جوہری سانحہ رونما ہوا تو پوری دنیا اس کی قیمت ادا کرے گی، پہلے طاقت، پھر امن کا نظریہ محض طاقت کی منطق ہے اور طاقت امن نہیں لا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی جوہری مسئلے کا حقیقی حل مشرقِ وسطیٰ کے بنیادی مسئلے یعنی فلسطین کے مسئلے کو حل کیے بغیر ممکن نہیں، غزہ میں انسانی بحران فوری حل ہونا چاہیے، دو ریاستی حل ہی مشرقِ وسطیٰ کے بحران کا واحد عملی راستہ ہے، بین الاقوامی برادری اس کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات اٹھائے۔

چینی وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران جوہری مسئلے پر چین کا مؤقف واضح اور مستقل ہے، چین ایران کے جوہری ہتھیار تیار نہ کرنے کی ایرانی سپریم لیڈر کی یقین دہانی کی قدر کرتا ہے اور جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) پر دستخط کنندہ ملک کی حیثیت سے ایران کے پُرامن جوہری توانائی کے حق کا احترام کرتا ہے۔