ٹرمپ کا یوکرین کو روس کیخلاف پیٹریاٹ ائیر ڈیفنس سسٹم دینے کا اعلان

Published On 14 July,2025 08:46 am

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی حملوں سے مقابلے کیلئے یوکرین کو پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکا یوکرین کو پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹمز فراہم کرے گا تاکہ وہ روسی حملوں کا مقابلہ کر سکے، ہم یوکرین کو پیٹریاٹ دفاعی سسٹم بھیجیں گے، جن کی انہیں اشد ضرورت ہے۔

ٹرمپ کے مطابق یہ ہتھیار ایک نئے معاہدے کے تحت یوکرین کو بھیجے جائیں گے، جس کے تحت نیٹو کچھ ہتھیاروں کی قیمت امریکا کو ادا کرے گا، روسی صدر باتیں اچھی کرتے ہیں لیکن بمباری بھی کرتے ہیں، ہمیں یہ رویہ پسند نہیں۔

یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یوکرین کو کتنے سسٹمز فراہم کیے جائیں گے، حالانکہ صرف 2 ہفتے قبل امریکا نے یوکرین کو کچھ اسلحہ فراہمی عارضی طور پر معطل کر دی تھی۔

واضح رہے کہ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے تعلقات میں تناؤ پیدا ہو گیا ہے، ٹرمپ نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ وہ پیوٹن سے مایوس ہیں۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ روسی صدر کے ساتھ مل کر یوکرین کے ساتھ جنگ ختم کر سکتے ہیں لیکن وہ یوکرین پر مسلسل روسی میزائل حملوں پر مایوس ہیں۔