یوکرین کے حملے میں روسی بحریہ کے نائب سربراہ میخائل گوڈکوف ہلاک

Published On 04 July,2025 02:48 pm

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی فوج نے تصدیق کی ہے کہ روسی بحریہ کے نائب سربراہ میجر جنرل میخائل گوڈکوف یوکرین کی سرحد کے قریب کورسک ریجن میں ایک حملے کے دوران ہلاک ہوگئے۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق وہ جنگی سرگرمی کے دوران مارے گئے، گوڈکوف کو مارچ 2025ء میں صدر ولادیمیر پیوٹن نے اس اعلیٰ فوجی عہدے پر تعینات کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق حملہ کورسک کے قصبے کورینیوو کے قریب ایک روسی کمانڈ پوسٹ پر کیا گیا، جو یوکرین کے سومی ریجن سے صرف 30 کلومیٹر دور ہے، غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق یہ یوکرینی میزائل حملہ تھا۔

پریمورسکی خطے کے گورنر الیگ کوژمییاکو نے اپنے ٹیلی گرام پیغام میں تصدیق کی ہے کہ اس حملے میں مزید 10 روسی فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں، انہوں نے گوڈکوف کو ایک وفادار اور بہادر افسر قرار دیا۔

میخائل گوڈکوف اس سے پہلے روس کی پیسیفک فلیٹ کی 155ویں نیول انفنٹری بریگیڈ کے کمانڈر رہ چکے ہیں، جو مشرقی یوکرین اور بعد ازاں کورسک ریجن میں شدید لڑائیوں میں مصروف رہی ہے۔

انہیں 2023ء کے آخر میں روس کا سب سے بڑا فوجی اعزاز گولڈ سٹار ہیرو دیا گیا، جو انہوں نے فروری 2025ء میں کریملن میں صدر پیوٹن کے ہاتھوں وصول کیا تھا۔