کیف: (ویب ڈیسک) روس نے یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف پر اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ کیا ہے جس میں ڈرونز اور میزائلوں کا استعمال کیا گیا، حملے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 21 زخمی ہو گئے۔
خارکیف کے میئر نے بتایا کہ روس کی جانب سے شہر پر 206 ڈرونز اور 9 میزائل داغے گئے، انہوں نے کہا کہ فروری 2022 میں روس یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد یہ خارکیف پر سب سے شدید حملہ تھا جس میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔
یوکرینی حکام کے مطابق روس کے 174 حملوں کو فضائی دفاعی نظام کی مدد سے ناکام بنایا گیا۔
دوسری طرف روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کی جانب سے روس کے مختلف علاقوں بشمول کرسک، برینسک، کلوگا، سمولنسک اور ماسکو پر فائر کیے گئے 36 ڈرونز کو مار گرایا گیا۔
ادھر خارکیف کے علاوہ یوکرین کے خیرسون ریجن میں بھی روس کی شیلنگ سے ایک عمارت منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔