روس کا یوکرین پر بڑا حملہ، 12 افراد ہلاک، درجنوں زخمی

Published On 25 May,2025 02:32 pm

ماسکو، کیف : (ویب ڈیسک) روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر مسلسل دوسرے روز فضائی حملے کیے جن میں 12 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے 14 بیلسٹک میزائل اور 250 خودکش ڈرونز فائر کیے، جن میں سے 6 میزائل اور 245 ڈرونز تباہ کر دیے گئے، روسی حملے میں رہائشی عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

مغربی میڈیا کے مطابق فضائی حملے کے سائرن کئی گھنٹوں تک بجتے رہے، شہریوں کو پناہ گاہوں میں رہنے کی ہدایت کی گئی۔

یوکرین کی فضائیہ نے بتایا کہ ڈرونز، بیلسٹک اور کروز میزائلز پر مشتمل یہ حملے کئی شہروں کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے، جب کہ بنیادی توجہ دارالحکومت کیف پر رہی۔

یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب بین الاقوامی برادری روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پر جنگ بندی کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے جبکہ دو روز قبل ہی 800 قیدیوں کو رہا کیا گیا تھا۔

صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہر رات ہماری افواج زندگیاں بچانے کی کوشش کرتی ہیں، روس کا یہ حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جنگ کے جاری رہنے کی ذمہ داری صرف ماسکو پر ہے۔

روس کی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ماسکو، بیلگورود اور ٹولا جیسے علاقوں پر 100 سے زائد یوکرینی ڈرون حملے ناکام بنائے۔