یوکرین تنازع پر پیش رفت صرف ٹرمپ اور پیوٹن کی ملاقات سے ہی ممکن ہے: امریکا

Published On 20 May,2025 05:41 am

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہ یوکرین تنازع پر پیش صرف ٹرمپ اور پیوٹن کی ملاقات سے ہی ممکن ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ صدر ٹرمپ نے اس ملاقات کی خواہش بھی ظاہر کی ہے، انہوں نے کہاکہ ہم ایک خونی، مہنگی اور تباہ کن جنگ کو ختم کرنا چاہتے ہیں اس لئے ہمیں تھوڑا صبر درکار ہے۔

ماکو روبیو نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دنیا میں اور بھی کئی سنگین معاملات موجود ہیں، ہمارے پاس وقت بہت کم ہے، ہمیں دنیا کے دیگر اہم مسائل کی طرف بھی توجہ دینی ہے۔

واضح رہے کہ جمعہ کو استنبول میں روس اور یوکرین نے تقریباً تین سال بعد پہلی بار براہ راست مذاکرات کئے، یہ پیش رفت یوکرینی صدر زیلنسکی کی جانب سے روسی صدر کو براہ راست ملاقات کی پیشکش کے بعد ہوئی تھی۔

روسی صدر نے اسے مسترد کرتے ہوئے ایک سفارتی وفد بھیج دیا، اس ملاقات کا نتیجہ یہ نکلا کہ دونوں ممالک کے درمیان تقریباً ایک ہزار قیدیوں کے تبادلے پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے۔