کیف: (ویب ڈیسک) روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف اور دیگر علاقوں میں ڈرون اور میزائلوں سے تازہ حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 10 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرینی حکام نے بتایا کہ روسی حملوں کے نتیجے میں رہائشی علاقوں میں آگ لگ گئی اور میٹرو اسٹیشن کے بم شیلٹر کے داخلی دروازے کو نقصان پہنچا۔
یوکرینی وزارت داخلہ کے مطابق ریسکیو عملے نے کیف کے مصروف ضلع شیف چینکووسکی میں ایک رہائشی عمارت کے ملبے سے لاشیں نکالیں، جو امریکی سفارتخانے سے ایک کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر واقع ہے، اس ضلع میں کم از کم 9 افراد کی موت ہو گئی۔
33 سالہ تعمیراتی مزدور ویلے ری مانکوتا نے بتایا کہ حملے کے بعد جب ان کی عمارت میزائل کی زد میں آئی، تو وہ اپنی کھڑکی سے نیچے تیسری منزل تک اتر کر بچ نکلے، انہوں نے کہا کہ اینٹیں میرے اوپر تھیں، میرے منہ میں کچھ تھا، میں ملبے میں جاگا۔
ایمرجنسی سروس کے مطابق کیف پر ہونے والے ان حملوں میں کم از کم 34 افراد زخمی ہوئے، جن میں چار بچے بھی شامل ہیں، آدھی رات سے لے کر صبح تک شہر دھماکوں اور فضائی دفاعی یونٹس کی مشین گنوں کی آواز سے گونجتا رہا، جو روسی ڈرونز کو نشانہ بنا رہے تھے۔
یوکرینی فضائیہ نے بتایا کہ انہوں نے روس کی جانب سے داغے گئے 352 ڈرونز میں سے 339 اور 16 میزائلوں میں سے 15 کو مار گرایا۔