کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ملک کی موجودہ وزیرِ معیشت یولیا سویریڈینکو کو نئے وزیرِ اعظم کے طور پر نامزد کر دیا۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ انہوں نے حکومت کی سربراہی کے لیے یولیا سویریڈینکو کو نامزد کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ نئی حکومت کا ایکشن پلان جلد پیش کیا جائے گا۔
صدر زیلنسکی کے مطابق انہوں نے یولیا سویریڈینکو کے ساتھ ملاقات میں یوکرینی معیشت میں بہتری لانے، شہریوں کے لیے امدادی پروگراموں کو وسعت دینے اور مقامی سطح پر اسلحے کی تیاری بڑھانے کے اقدامات پر گفتگو کی۔
39 سالہ یولیا سویریڈینکو رواں برس اس وقت عالمی توجہ کا مرکز بنیں جب انہوں نے امریکا کے ساتھ ایک معدنیات کے معاہدے میں اہم کردار ادا کیا، یہ معاملہ واشنگٹن کے ساتھ تعلقات میں تناؤ کا باعث بننے والا تھا۔
اگر یوکرینی پارلیمنٹ نے ان کی تقرری کی منظوری دے دی تو وہ موجودہ وزیر اعظم ڈینس شمیہال کی جگہ لیں گی۔ یاد رہے کہ یولیا سویریڈینکو یوکرین کی نائب وزیر اعظم بھی ہیں اور روس کے حملے سے چند ماہ قبل انہیں معیشت کی وزارت سونپی گئی تھی۔