غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت تھم نہ سکی، مزید 130 فلسطینی شہید

Published On 20 July,2025 07:06 pm

غزہ: (دنیا نیوز) قابض صیہونی فوج کی مختلف علاقوں میں فلسطینیوں پرفائرنگ اور فضائی حملے جاری، 24گھنٹوں میں 130 فلسطینی شہید جبکہ 495 افراد زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق رفاہ اور خان یونس میں امداد پہنچانے والے 2 مراکز کے قریب اسرائیلی فوج کے حملوں میں 51 امداد کے متلاشیوں کو شہید کیا گیا، مئی سے اب تک امداد کے متلاشی 900 سے زائد فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں۔

غزہ شہر کے مختلف علاقوں جیسے زیتون اور تل الہوا میں بھی اسرائیلی فضائی حملے ہوئے، جن میں متعدد افراد شہید ہوئے، جبالیہ کے علاقے میں گولہ باری سے بھی جانی نقصان ہوا۔

دوسری جانب بین الاقوامی ریڈ کراس و ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل جگن چپگین نے خبردار کیا ہے کہ فلسطینی عوام قحط کے دہانے پر ہیں، ناروے کی مہاجرین کونسل کے سربراہ جان ایگلینڈ نے یورپی یونین کی نمائندہ کی مثبت پیش رفت کی بات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 142 دنوں سے ایک بھی امدادی ٹرک اندر نہیں جا سکا۔

اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی نے کہا ہے کہ ان کے پاس غزہ کی پوری آبادی کے لیے کافی خوراک موجود ہے جو مصر کے بارڈر پر رکی ہوئی ہے، اسرائیل دروازے کھولے، محاصرہ ختم کرے اور ہمیں کام کرنے دے۔

غزہ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈز بھوک سے تڑپتے لوگوں سے بھر چکے ہیں،، غزہ میں تقریباً 17,000 بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں، اسرائیلی جنگ میں 58ہزار895 شہید ہوچکے جبکہ 1 لاکھ 40 ہزار 980 فلسطینی زخمی ہیں۔