غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت تھم نہ سکی، ،صیہونی فوج کے مختلف علاقوں میں فضائی حملے جاری رہے۔
صیہونی فورسز کے حملوں میں ایک روز میں مزید 120 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، شہدا میں 92 غذائی امداد کے منتظر فلسطینی بھی شامل ہیں، جنگ میں شہدا کی مجموعی تعداد 58 ہزار 895 تک جا پہنچی، ایک لاکھ 40 ہزار 980 فلسطینی زخمی ہو چکے۔
حماس مجاہدین نے خان یونس میں اسرائیلی فوج کے کانوائے پر حملہ کر دیا جس کے باعث متعدد اسرائیلی فوجی زخمی اور کئی ٹینک تباہ ہوگئے۔
ادھر ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف ریلی نکالی گئی، مظاہرین نے امریکی سفارتخانے کی جانب مارچ کیا، مظاہرین نے دہائی دیتے ہوئے کہاکہ اسرائیل امریکی حمایت سے فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔