برطانیہ، فرانس، جاپان سمیت 28 ممالک کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

Published On 22 July,2025 09:10 am

لندن: (دنیا نیوز، ویب ڈیسک) برطانیہ، فرانس، جاپان سمیت 28 ممالک نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی اور امدادی سامان کی تقسیم کا مطالبہ کر دیا۔

برطانوی حکومت کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں اسرائیل سے غزہ پٹی پر مسلط جنگ فوری طور پر روکنے اور امدادی سامان کی ترسیل کا مطالبہ کیا گیا۔

علامیے کا آغاز اس مطالبے سے ہوتا ہے کہ ’غزہ میں فوری جنگ ختم ہونی چاہئے، اسرائیلی حکومت کا غزہ میں امداد کی ترسیل کا نظام خطرناک ہے جو عدم استحکام کو ہوا دیتا ہے، یہ نظام انسانی وقار کے منافی ہے۔

بیان میں غزہ پٹی کے شہریوں میں امدادی سامان کی تقسیم کے لیے اسرائیلی پالیسی، سست روی اور امداد کے منتظر نہتے شہریوں بالخصوص بچوں کا سفاکانہ قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے امدادی سامان کی فوری ترسیل کا مطالبہ کیا گیا۔

مشترکہ اعلامیے پر جن ممالک کے وزرائے خارجہ نے دستخط کیے ہیں ان میں آسٹریلیا، آسٹریا، بیلجیئم، کینیڈا، ڈنمارک ، اسٹونیا، فرانس، فن لینڈ، آئس لینڈ، آئرلینڈ، اٹلی، جاپان، لٹویا، لتھوینیا، لکسمبرگ، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، سلووینیا، سپین، سویڈن، سوئٹزرلینڈ اور برطانیہ کے علاوہ یورپین کمشنر برائے برابری، تیاری اور کرائسز مینجمنٹ شامل ہیں۔

چوبیس گھنٹوں میں 134 فلسطینی شہید

واضح رہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 134 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں، ان میں 99 شہید اور 650 زخمی افراد امداد کے حصول کے دوران اسرائیلی گولیوں کا نشانہ بنے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق کئی علاقوں میں ایمبولینسز اور سول ڈیفنس اہلکاروں کو پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے جس کی وجہ سے کئی شہری عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری بدترین اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 59 ہزار 29 فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ 42 ہزار 135 زخمی ہوچکے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے مرکزی غزہ کے شہر دیر البلاح میں زمینی کارروائیاں شروع کر دیں ، ایک اور صحافی تیمر الزنین اسرائیلی دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہو گیا، اسرائیلی فوج نے ڈاکٹر مروان الحمس کو بھی اغوا کر لیا۔

دوسری طرف خان یونس میں اسرائیلی فوج پر حملے میں ایک صیہونی اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا، اسرائیلی فوج نے بھی اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔

علاوہ ازیں حماس نے عالمی سطح پر غزہ میں جنگ بندی کے مطالبے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اسرائیل سے امن مذاکرات میں فلسطینیوں کے مصائب کا خاتمہ ترجیح ہے،ثالث ممالک سے رابطے میں ہیں۔