اسرائیلی فوج نے بھوک کو جنگی ہتھیار بنالیا، مزید 4 بچوں سمیت 51 فلسطینی شہید

Published On 22 July,2025 08:28 pm

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں اسرائیلی فوج نے بھوک کو جنگی ہتھیار بنا لیا اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں فاقہ کشی اوربھوک کے باعث 4 بچوں سمیت 51 فلسطینی شہید ہوگئے۔

غزہ میں قحط کی صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے، اسرائیلی فوج کی مستقل ناکہ بندی کے باعث مصر سرحد پر کھڑے امدادی ٹرکوں کو داخلے کی اجازت نہیں دی جارہی جس کے باعث فلسطینی ایک وقت کی روٹی کو بھی ترس گئے۔

وزارت صحت کے مطابق غزہ پٹی میں فاقہ کشی اوربھوک کے باعث 24 گھنٹوں میں 4 بچوں سمیت 51 فلسطینی شہید ہوگئے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزینوں کی ایجنسی اونروا نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ میں 10 لاکھ سے زائد بچے شدید بھوک کا شکار ہیں، اونروا کے مطابق مارچ سے اب تک اسرائیل نے صرف محدود مقدار میں خوراک اور انسانی امداد غزہ میں داخل ہونے دی ہے جو موجودہ ضروریات کے لیے انتہائی ناکافی ہے۔

ایجنسی کا کہنا ہے کہ امدادی سامان کی بندش اور مستقل بمباری کے باعث بچوں کی صحت اور نشوونما کو سنگین خطرات لاحق ہو چکے ہیں، غزہ میں غذائی بحران سنگین ہو چکا ہے، بچے ایک وقت کے کھانے کو ترس رہے ہیں اور والدین کے پاس انہیں کھلانے کو کچھ نہیں۔

اونروا نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ فوری اور بلا تاخیر انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ معصوم جانوں کو بچایا جا سکے۔