غزہ میں شدید قحط پھیل رہا ہے: 111 امدادی تنظیموں کا انتباہ

Published On 23 July,2025 11:43 am

غزہ: (ویب ڈیسک) اسرائیل کو فلسطینی علاقے میں تباہ کن انسانی صورت حال کے باعث بڑھتے ہوئے بین الاقوامی دباؤ کا سامنا ہے ، اب 100 سے زائد امدادی تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں شدید قحط پھیل رہا ہے۔

ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز، سیو دی چلڈرن اور آکسفیم جیسی 111 تنظیموں کے دستخط سے جاری بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ ہمارے ساتھی اور جن لوگوں کی ہم خدمت کرتے ہیں، وہ بھوک سے نڈھال ہو رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جب اسرائیلی حکومت کی ناکہ بندی غزہ کے لوگوں کو بھوکا مار رہی ہے، تو امدادی کارکن بھی اب انہی قطاروں میں کھڑے ہیں جہاں انہیں اپنے خاندان کے لیے خوراک حاصل کرنے میں گولی لگنے کا خطرہ ہے۔

ان امدادی گروہوں نے فوری جنگ بندی، تمام زمینی گزرگاہوں کو کھولنے اور اقوام متحدہ کی قیادت میں امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی کا مطالبہ کیا، غزہ کے سب سے بڑے ہسپتال کے سربراہ نے بتایا کہ تین دنوں کے دوران غذائی قلت اور بھوک کے باعث 21 بچے مر گئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق مئی کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کی حمایت یافتہ غزہ ہیومنٹیرین فاؤنڈیشن کے آغاز کے بعد سے اب تک 1,000 سے زائد فلسطینی امداد حاصل کرنے کی کوشش میں اسرائیلی افواج کے ہاتھوں مارے جا چکے ہیں۔

اپنے بیان میں انسانی ہمدردی کی تنظیموں نے کہا کہ ٹنوں کے حساب سے امدادی سامان سے بھرے گودام غزہ کے اندر اور سرحدوں پر موجود ہیں، مگر ان تک رسائی یا ترسیل کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فلسطینی ایک ایسے چکر میں پھنسے ہیں جہاں انہیں امداد اور فائر بندی کی امید ہے، مگر انہیں ہر روز مزید بگڑتے حالات کا سامنا ہے، یہ صرف جسمانی اذیت نہیں بلکہ نفسیاتی اذیت بھی ہے، زندہ رہنے کی امید ایک سراب کی مانند دکھائی جاتی ہے، انسانی ہمدردی کا نظام جھوٹے وعدوں پر نہیں چل سکتا۔

24 گھنٹوں میں بھوک سے 15 اموات

برطانوی نشریاتی ادارے کے غزہ کے ایک ہسپتال میں چھ ہفتے کے یوسف کی بے جان لاش ایک میز پر ساکت پڑی تھی، اس کی جلد ہڈیوں پر تنی ہوئی تھی اور اس کے ننھے بازو پر لگی پٹی اس جگہ کو ڈھانپ رہی تھی جہاں ڈرِپ لگائی گئی تھی، ڈاکٹروں کے مطابق یوسف کی موت کی وجہ بھوک تھی۔

یوسف ان 15 لوگوں میں شامل تھے جن کی گزشتہ 24 گھنٹوں میں غزہ میں بھوک کے باعث موت ہوئی، یوسف کے چچا، ادھم الصفاوی کے مطابق خاندان کو بچے کے لیے بے بی فارمولا دودھ نہیں ملا، کہیں سے بھی دودھ نہیں ملتا، اور اگر کہیں دستیاب ہو بھی تو ایک ڈبے کی قیمت 100 ڈالر ہے۔

اسرائیلی فوجوں نے غزہ پر اپنے حملوں کے آغاز کے بعد سے اب تک تقریباً 60,000 فلسطینیوں کو فضائی حملوں، گولہ باری اور فائرنگ کے ذریعے قتل کیا ہے۔