روس کے مشرق بعید میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، بچوں سمیت 49 افراد ہلاک

Published On 24 July,2025 12:31 pm

ماسکو: (دنیا نیوز) روس کے مشرق بعید میں مسافر طیارہ پہاڑ سے ٹکرا کر گر گیا جس سے پانچ بچوں سمیت 49 مسافر ہلاک ہو گئے۔

 علاقائی گورنر ویسلی اورلوف نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق سائبیریا سے تعلق رکھنے والی ایک فضائی کمپنی کے مسافر طیارے میں 43 مسافر اور 6 افراد پر مشتمل فضائی عملہ سوار تھا۔

روسی خبر ایجنسی کے مطابق ایک مسافر طیارہ اچانک لاپتہ ہو گیا، اے این-24 ماڈل کا مسافر بردار طیارہ سائبیریا کی انگارا ایئرلائن کے زیرِ انتظام پرواز پر تھا، جو چین کی سرحد کے قریب واقع علاقے امور کے شہر ٹِنڈا کی طرف جا رہا تھا، راستے میں ایئر ٹریفک کنٹرول سے طیارے کا رابطہ منقطع ہو گیا اور وہ ریڈار سے بھی غائب ہو گیا۔

روسی حکام نے وسیع پیمانے پر تلاش کا آپریشن شروع کیا اور انہیں طیارے کا ملبہ ٹنڈا سے دس کلومیٹر کے فاصلے پر پہاڑی علاقے میں مل گیا ہے، اندازہ کیا جا رہا ہے کہ طیارہ پہاڑ سے ٹکرا کر گرا۔

روس کی سرکاری خبر ایجنسی طاس کے مطابق کوئی مسافر زندہ نہیں بچ سکا، طیارے کا واقعہ روس میں شہری ہوابازی کے حوالے سے ایک بڑا سانحہ تصور کیا جا رہا ہے۔