نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ کی صورتحال تباہ کن قرار دیدی۔
اقوام متحدہ میں فلسطین کے 2 ریاستی حل پر 3 روزہ عالمی کانفرنس سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کیلئے مسئلہ فلسطین حل کرنا ہوگا، موجودہ تنازع خطے کو غیر مستحکم کررہا ہے۔
یو این سیکرٹری جنرل نے کہا کہ غزہ کی تباہی ناقابل برداشت ہے اور غزہ کے خاتمے کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جاسکتا، غزہ کا مسئلہ دنیاکی آنکھوں کے سامنے آگیا ہے، کانفرنس کو بروقت اقدام قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ایک فیصلہ کن موڑ کے طور پر کام کر سکتا ہے اور یہ قبضے کے خاتمے کی طرف ناقابل واپسی پیش رفت کو متحرک کر سکتا ہے۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ یہ اقدام قابل عمل دو ریاستی حل کے لئے ہماری مشترکہ خواہش کوپورا کرنے کی طرف پیش رفت کو متحرک کر سکتا ہے۔