غزہ کی پٹی میں صیہونی بربریت کا بازار گرم، مزید 87 فلسطینی شہید، 644 زخمی

Published On 05 August,2025 05:20 pm

غزہ: (دنیا نیوز) غزہ کی پٹی میں صیہونی بربریت کا بازار گرم، اسرائیلی وزیر اعظم کا جنگی جنون کم نہ ہو سکا، 24 گھنٹے میں مزید 87 فلسطینی شہید، 644 زخمی ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق صیہونی حملوں میں 52 امداد کے متلاشی بھی شہید ہوگئے، کم عمر اور بالغ بچے سمیت 8 افراد غذائی قلت کا شکار ہو کر شہید ہوگئے۔

بھوک کا شکار ہوکر جاں بحق ہونے والے 188 افراد میں94 بچے شامل ہیں، گزشتہ اسرائیلی حملوں کے بعد ملبے سے 8 لاشیں نکالی گئیں۔

عرب میڈیا کے مطابق شہدا کی مجموعی تعداد 61 ہزار 20 ہوگئی، 1 لاکھ 50 ہزار 671 فلسطینی زخمی ہوئے۔

اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں ہر گزرتا لمحہ ایک اور فلسطینی بچے کی جان لے رہا ہے، اسرائیلی بمباری اور امداد کی کمی کے باعث روزانہ 28 بچے شہید ہو رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں روزانہ 500 سے زائد خوراک اور امدادی سامان سے بھرے ٹرکوں کی ضرورت ہے۔