مسجد الاقصیٰ کی بے حرمتی مسلمانوں کے مذہبی جذبات بھڑکانے کی سازش ہے: طاہر اشرفی

Published On 04 August,2025 06:18 pm

لاہور:(دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ مسجد الاقصیٰ کی بے حرمتی مسلمانوں کے مذہبی جذبات بھڑکانے کی سازش ہے۔

لاہور میں جاری اپنے ایک بیان میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا کہنا  تھا کہ مسجد الاقصیٰ کی حیثیت بدلنے کی اسرائیلی کوششیں دنیا کا امن تباہ کرنے کی سازش ہیں، اسرائیلی وزراء کی جانب سے مسلمانوں کے قبلہ اوّل مسجد الاقصیٰ کی بے حرمتی نا قابل قبول ہے۔

انہوں نے کہا کہ صیہونی اقدامات اشتعال انگیز اور ناقابل برداشت ہیں، اسرائیلی وزراء اور یہودیوں کی طرف سے مسجدالاقصیٰ کی بےحرمتی کی مذمت کرتے ہیں۔

چیئرمین پاکستان علماء کونسل کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزرا کی مسجد الاقصیٰ کی بے حرمتی مسلمانوں کے مذہبی جذبات بھڑکانے کی سازش ہے، عالمی برادری اسرائیل کی ان حرکات کا نوٹس لے، مسجد الاقصیٰ کی حیثیت بدلنے کے اسرائیلی عزائم تباہ کن تشدد کو جنم دے سکتے ہیں۔

طاہر اشرفی کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری اسرائیل کا فوری محاسبہ کرے، اسرائیلی اقدامات اقوام متحدہ اور او آئی سی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں، عالمی ادارے فلسطینی عوام کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں۔