حماس ہلال احمر کو اسرائیلی یرغمالیوں تک مشروط رسائی دینے پر راضی

Published On 04 August,2025 09:45 am

غزہ: (ویب ڈیسک) حماس نے کہا ہے کہ اگر غزہ میں امدادی سامان کی فراہمی کے لیے راہداری کو مستقل بنیادوں پر کھول دیا جائے اور امداد کی تقسیم کے دوران فضائی حملے روک دیے جائیں تو وہ اسرائیلی قیدیوں کو خوراک اور ادویات کی فراہمی کے لیے ریڈ کراس کو رسائی دینے کے لیے تیار ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے فلسطینی اسلامک جہاد اور حماس نے غزہ میں قید دو اسرائیلی یرغمالیوں کی ویڈیو جاری کی تھی جس میں دونوں انتہائی کمزور دکھائی دے رہے تھے، ویڈیو کے اجرا کے بعد اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نتن یاہو نے ریڈ کراس کے سربراہ سے بات کی اور یرغمالیوں کو خوراک اور طبی امداد فراہم کرنے میں مدد کی درخواست کی۔

انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس نے یرغمالیوں کی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ویڈیوز ظاہر کرتی ہیں جن حالات میں یرغمالیوں کو رکھا گیا ہے اس سے ان کی زندگیوں کو خطرہ ہے۔

ریڈ کراس نے مطالبہ کیا کہ یرغمالیوں کی حالت کا جائزہ لینے، انہیں طبی امداد دینے اور ان کے اہل خانہ سے رابطے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے رسائی دی جائے۔

ویڈیوز میں نظر آنے والے 21 سالہ روم براسلاوسکی اور 24 سالہ ایویاتر ڈیوڈ کو سات اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر حماس کی قیادت میں ہونے والے حملے کے دوران قیدی بنایا گیا تھا، راسلاوسکی اور ڈیوڈ کی ویڈیو کے جاری ہونے کے بعد اسرائیلی رہنماؤں نے حماس پر یرغمالیوں کو بھوکا رکھنے کا الزام لگایا ہے۔

حماس کے مسلح ونگ نے قیدیوں کو جان بوجھ کر بھوکا رکھنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں بھوک کے بحران کے دوران یرغمالی وہی کھا رہے ہیں جو ان کے جنگجو اور دیگر لوگ کھاتے ہیں۔