غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیل کی جانب سے غزہ کے نہتے و مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی تھم نہ سکی۔
عرب میڈیا کے مطابق نہتے بے گھر اور امداد کے متلاشی افراد پر وحشیانہ صیہونی حملے جاری ہیں، 24 گھنٹوں میں 94 فلسطینی شہید، 439 زخمی ہوگئے۔
غزہ میں خوراک کی شدید قلت کے باعث قحط کی صورتحال برقرار ہے، غذائی قلت سے شہدا کی تعداد 93 بچوں سمیت 175 ہوگئی۔
عرب میڈیا کے مطابق حملوں میں خوراک کی تلاش میں 29 فلسطینی لقمہ اجل بن گئے، شہداکی مجموعی تعداد 60 ہزار 933 ہوگئی، 1 لاکھ 50 ہزار 27 افراد زخمی ہیں۔
اسرائیلی فوج کی ہلال احمر کی عمارت پر بھی بمباری میں نتیجے میں آگ لگ گئی، حملے میں ہلال احمر کا ایک رکن جام شہادت نوش کرگیا،3 افراد زخمی ہوئے۔
عرب میڈیا کے مطابق متعدد زخمی افراد ملبے تلے یا راستوں کی خرابی کی وجہ سے سڑکوں پر پھنسے ہوئے ہیں۔