بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی،50 افراد لاپتہ

Published On 05 August,2025 10:11 pm

اتراکھنڈ :(دنیا نیوز) بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے شمالی پہاڑی علاقے دھرالی میں شدید بارشوں کے بعد اچانک مٹی کا تودہ گرنے اور سیلابی ریلے سے خوفناک تباہی پھیل گئی، واقعے میں کم از کم 50افراد آنکھوں کے سامنے سے غائب ہوگئےجن کا پتہ نہ چل سکا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلاب سے درجنوں مکانات اور عمارتیں ملبے تلے دب گئیں یا پانی میں بہہ گئیں پیر اور منگل کی درمیانی شب بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ہونے ہونے والی شدید بارش کے بعد پہاڑی سلسلے سے مٹی کا ایک بڑا تودہ قصبے پر آ گرا، جس کے بعد گدلا پانی، ملبے اور پتھروں کا ریلا رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا۔

سوشل میڈیا اور بھارتی چینلز پر نشر ہونے والی ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ کئی منزلہ عمارتیں لمحوں میں زمین بوس ہوگئیں، واقعے کے فوراً بعد ریاستی حکومت نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس میں مزید بتا گیا کہ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے کہا ہے کہ ریسکیو آپریشن ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے اور تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ بادل پھٹنے سے شدید نقصان ہوا ہے، ہم مسلسل صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے۔