غزہ: (دنیا نیوز) غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری، صیہونی فورسز کی بمباری اور فائرنگ سے 24 گھنٹوں میں مزید 135 فلسطینی شہید، 771 زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق 87 فلسطینی امداد کی تلاش میں صیہونی بربریت کا نشانہ بن گئے، خان یونس کے امدادی مرکز کے باہر 30 افراد کو اسرائیلی فائرنگ سے نشانہ بنایا گیا جبکہ امداد ی ٹرک ناہموار راستے کی وجہ سے الٹ سے امداد لینے آئے 23 فلسطینی شہید ہوگئے۔
محکمہ صحت غزہ کے مطابق شہدا کی مجموعی تعداد 61 ہزار 158 ہوگئی جبکہ 1 لاکھ 51 ہزار 442 زخمی ہیں۔
دوسری جانب بین الاقوامی فلاحی ادارے ریڈ کراس نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں زندگیاں بچانے کا موقع تیزی سے ختم ہوتا جا رہا ہے جبکہ یورپی کمیشن کی نائب صدر نے اسرائیل کے غزہ پر مکمل قبضے کی رپورٹس پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے ناقابلِ قبول اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔
بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری اور جبری قحط سے یومیہ 28 بچے قتل ہو رہے ہیں، فلسطینی سول ڈیفنس نے اقوام متحدہ اور امدادی اداروں سے فوری امداد اور مداخلت کی اپیل کی ہے۔