دنیا کی بلند ترین عمارت ’’برج خلیفہ‘‘ بھی سبز ہلالی پرچم سے جگمگا اٹھی

Published On 14 August,2025 09:30 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) پاکستان کے 78 ویں یومِ آزادی کے موقع پر متحدہ عرب امارات میں دنیا کی بلند ترین عمارت پر سبز ہلالی پرچم کے رنگین روشنیوں سے جگمگا اُٹھی۔

پاکستان کی جشنِ آزادی کی خوشیاں سرحدوں سے نکل کر آسمان کی بلندیوں کو چھونے لگیں جب دنیا کی بلند ترین عمارت ’برج خلیفہ‘ بھی سبز و سفید رنگوں میں چمکنے لگی۔

اس یادگار موقع پر ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی اور دیگر مسلمان بھائی بڑی تعداد میں اس دلکش نظارے کو دیکھنے کے لیے موجود تھے، جیسے ہی برج خلیفہ نے پاکستانی پرچم اوڑھا دبئی کی فضا ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعروں سے گونج اُٹھی۔ قومی ترانوں کی دُھن نے ایک سماں باندھ دیا اور دل جھوم اُٹھا۔

متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ شریک تھے۔ بچوں نے قومی پرچم کی مناسبت سے کپڑے پہنے ہوئے تھے، خواتین نے بھی سبز اور سفید چوڑیاں پہنیں اور مردوں نے قومی پرچم لہرائے۔ آتش بازی کا مظاہرہ بھی ہوا۔

تقریب کا شرکا کا کہنا تھا کہ آزادی ایک نعمت ہے جس کا احساس ہم پردیس میں رہنے والوں کو سب سے زیادہ ہوتا ہے، برج خلیفہ پر پاکستانیوں کا اتحاد، اتفاق، محبت اور نظم ونسق اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان صرف ایک جغرافیائی ملک نہیں بلکہ ایک جذبہ، ایک شناخت، ایک روشنی ہے جو دنیا کے ہر کونے میں بسنے والے پاکستانی کے دل میں چمکتی ہے۔