مقبوضہ بیت المقدس : (ویب ڈیسک) اسرائیل کے دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر نے ممتاز فلسطینی رہنما مروان برغوثی سے جیل میں ملاقات کی اور انہیں کہا کہ تم نہیں جیتو گے۔
ویڈیو میں یہ منظر دکھایا گیا، یہ ملاقات ایک سخت گیر کابینہ رکن کے فلسطینی ریاست کے تصور کو دفن کرنے کا عہد کرنے کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے۔
قطری نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیر ایتمار بن گویر نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر یہ ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے قید مروان برغوثی جو فلسطینیوں میں اتحاد قائم کرنے والی شخصیت سمجھے جاتے ہیں، ان کو دھمکایا کہ جو بھی اسرائیل کو دھمکائے گا اسے ختم کر دیا جائے گا۔
یہ جیل کا دورہ رواں ہفتے کے شروع میں ہوا تھا، لیکن عوام کے علم میں تب آیا جب انتہائی قوم پرست وزیر خزانہ بیتسلئل سموتریچ نے کہا کہ ایک ایسی بستی پر کام شروع کیا جائے گا جو مغربی کنارے کو دو حصوں میں بانٹ دے گی اور اسے مشرقی یروشلم سے مزید کاٹ دے گی، جسے فلسطینی اپنی مستقبل کی ریاست کا دارالحکومت بنانا چاہتے ہیں۔
دوسری طرف فلسطینی اتھارٹی نے بن گویر کے ان بیانات کو 66 سالہ برغوثی کے لیے براہِ راست دھمکی قرار دیا، برغوثی فتح تحریک کے سینئر رکن ہیں جو اتھارٹی چلاتی ہے اور مغربی کنارے کے قابض اسرائیلی علاقوں کے کچھ حصوں میں محدود شہری اختیار رکھتی ہے۔
پی اے کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ وزارت خارجہ انتہائی سخت الفاظ میں ریمون جیل کے انفرادی قید خانے کے حصوں پر انتہا پسند وزیر بن گویر کے دھاوے اور بھائی و رہنما مروان برغوثی کو براہِ راست دھمکی دینے کی مذمت کرتی ہے۔
برغوثی کو 2004 میں 5 بار عمر قید اور 40 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، جب ایک عدالت نے انہیں دوسری فلسطینی انتفاضہ کے دوران اسرائیلیوں پر گھات لگا کر حملے اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی کا مجرم قرار دیا تھا۔