غزہ میں جاری جنگ سے تباہی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے: ترک صدر

Published On 16 August,2025 02:38 am

استنبول: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ غزہ کی صورتحال انسانیت کے ضمیر کا امتحان ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ترک صدر نے کہا کہ غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری میں خواتین، بچوں اور بوڑھوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، فوجی کارروائیوں سے شہروں کو ناقابل رہائش بنا دیا گیا ہے، گھر، ہسپتال، سکول اور عبادت گاہیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں۔

ترک صدر کا مزید کہنا تھا کہ خوراک، پانی، صحت کی دیکھ بھال اور بجلی جیسی ضروری خدمات ختم ہو گئی ہیں، بھوک، پیاس اور وبائی امراض کا خطرہ غزہ کو مکمل انسانی تباہی کی طرف لے جا رہا ہے، اسرائیلی حملوں میں اب تک 61 ہزار سے زیادہ فلسطینی جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے مارے جا چکے ہیں۔

طیب اردگان نے کہا کہ غزہ میں جاری جنگ سے تباہی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے اور یہ صورتحال انسانیت کے اجتماعی ضمیر کو زخمی کر رہی ہے، غزہ کی خوفناک صورتحال پر دنیا کی خاموشی یا کمزور ردعمل غزہ کے لاکھوں مکینوں کے مصائب میں اضافہ اور جبر کے جاری رہنے کی راہ ہموار کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مغرب کے دہرے بین الاقوامی نظام کی ساکھ کو مجروح کر رہے ہیں، یہ حقیقت ہے کہ اگر غزہ میں ہونے والے مظالم پر بھی یوکرین کے بحران جیسی تیز اور جامع حساسیت کا مظاہرہ کیا جاتا تو آج ہم جس منظر نامے کا سامنا کر رہے ہیں وہ بالکل مختلف ہوتا۔

ترک صدر نے مزید کہا کہ جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تفتیش بین الاقوامی فوجداری عدالت اور بین الاقوامی عدالت انصاف کے سامنے ہونی چاہئے، مجرموں کو قانون کے سامنے کھڑا کیا جائے، امدادی تنظیموں کے لیے وسائل کو پائیدار بنیادوں پر محفوظ کیا جانا چاہئے۔