اسرائیلی فوج جنسی جرائم میں ملوث گروپوں کی فہرست میں شامل ہو سکتی ہے: اقوام متحدہ

Published On 15 August,2025 11:47 am

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ نے اسرائیل اور روس کو خبردار کیا ہے کہ ان کی افواج کو جنگی تنازعات میں جنسی جرائم میں ملوث جماعتوں کی فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی رپورٹ کے مطابق دونوں ممالک کے خلاف قابل اعتبار شواہد موجود ہیں جن میں فوجی اور سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے جنسی تشدد، جنسی اعضا پر تشدد، زبردستی برہنہ کرنے اور بار بار تلاشی لینے جیسے ذلت آمیز اقدامات شامل ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ جنگ کے آغاز کے بعد ایک حراستی مرکز میں فلسطینی قیدی پر تشدد کرنے کے الزام میں پانچ فوجیوں پر مقدمہ چلایا جن میں ایک واقعے میں قیدی کو تیز دھار چیز سے زخمی کرنا بھی شامل تھا۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے معائنہ کاروں کو رسائی نہ دینے سے شواہد جمع کرنے کا عمل متاثر ہوا ہے تاہم اسرائیل نے رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے "غیر معمولی" قرار دیا ہے۔