برسلز: (دنیا نیوز) یورپی یونین، جرمنی اور ترک وزارت خارجہ نے اسرائیل کے نئی بستیوں کی تعمیر کے منصوبے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس کی تعمیر فوری روکنے کا مطالبہ کر دیا۔
گزشتہ روز اسرائیلی وزیر خزانہ بذلیل سموٹرچ (Bezalel Smotrich) کی جانب سے مشرقی یروشلم کو مغربی کنارے سے الگ کرنے کی منظوری دی گئی، اسرائیلی وزیر خزانہ کے مطابق اس اقدام سے فلسطینی ریاست بننے کا خیال دفن کر دیا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس فیصلے کے بعد یورپی یونین، جرمنی اور ترکیہ سمیت کئی ممالک نے اسرائیل سے اس منصوبے کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یورپی یونین کے خارجہ پالیسی امور کے سربراہ کاجاکالاس نے کہا ہے کہ اسرائیلی آبادکاری کا منصوبہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، نئی بستیوں کا منصوبہ 2 ریاستی حل کو مزید کمزور کرتا ہے۔
دوسری جانب جرمنی نے بھی اسرائیل سے مغربی کنارے میں بستیوں کی تعمیر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر ترک وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا یہ اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کو نظر انداز کرتا ہے، آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہی دیرپا امن کا واحد راستہ ہے۔