بیروت: (ویب ڈیسک) حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم نے لبنانی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ امریکا کے کہنے پر سیکویرٹی فورسز ہمارے مدِ مقابل آئیں تو لبنان تباہی کے دہانے پر پہنچ جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے ان خیالات کا اظہار ایران کے اعلیٰ سیکیورٹی عہدیدار علی لاریجانی سے ملاقات کے بعد ٹی وی پر نشر ہونے والے خطاب میں کیا۔
انہوں نے زور دیکر کہا کہ جب تک اسرائیلی جارحیت جاری ہے اور قبضہ برقرار ہے، حزب اللہ ہتھیار نہیں پھینکے گی، ہم اس امریکا-اسرائیل گٹھ جوڑ کا مقابلہ کریں گے۔
حزب اللہ کے سربراہ نے اپنے ہتھیاروں کے دفاع کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لبنانی حکومت تخفیفِ اسلحہ کے ذریعے ملک کو اسرائیل کے حوالے کرنے کی راہ ہموار کر رہی ہے۔
نعیم قاسم نے بتایا کہ فی الحال حزب اللہ اور امل تحریک نے امریکی حمایت یافتہ تخفیفِ اسلحہ منصوبے کے خلاف احتجاج ملتوی کر دیا کیونکہ بات چیت کے دروازے ابھی بند نہیں ہوئے، تاہم انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر یہ منصوبہ منسوخ نہ کیا گیا تو مستقبل میں احتجاج براہِ راست امریکی سفارت خانے تک پہنچ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ لبنان کی کابینہ نے ملکی فوج کو ایک سال کے اندر حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا حکم دیا جسے حزب اللہ سمیت دیگر جماعتوں نے امریکی دباؤ میں لیا گیا فیصلہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔