نیویارک: (ویب ڈیسک) قطر نے شام کی سلامتی اور استحکام پورے خطے میں امن و امان کے قیام کیلئے ناگزیر قرار دیدیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ بات اقوام متحدہ میں قطر کی مستقل نمائندہ شیخہ علیاء احمد نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں عرب گروپ کی نمائندگی کرتے ہوئے شام کی صورتحال پر ماہانہ بریفنگ کے دوران کہی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ شام کی سلامتی اور استحکام پورے عرب خطے بلکہ وسیع تر مشرق وسطیٰ میں امن و امان کے قیام کے لئے اہم ہے، انہوں نے کہا کہ شام کے اتحاد اور ریاستی اداروں کا تحفظ علاقائی بدامنی، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور دہشت گرد گروہوں کی واپسی کو روکنے کے لئے ضروری ہے۔
قطری نمائندہ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ شام کو سنگین چیلنجز کا سامنا ہے جن میں سکیورٹی خطرات، اقتصادی مشکلات اور انسانی مسائل شامل ہیں جو روزمرہ کی زندگی کو متاثر کر رہے ہیں اور قومی اداروں پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے مسائل سے نمٹنے کے لئے شام کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بحالی اور تعمیر نو کی جانب بڑھنے میں مدد کے لئے بین الاقوامی حمایت کی ضرورت ہے، یہ شام اور پورے خطے میں طویل مدتی استحکام کی حمایت کرے گا۔