اوسلو: (ویب ڈیسک) ناروے کی حکومت نے یوکرین کے لیے تقریباً 7 ارب نارویجین کراؤن (700 ملین ڈالر) مالیت کا جدید فضائی دفاعی پیکج دینے کا اعلان کیا ہے، یہ امداد روسی فضائی حملوں سے یوکرین کے شہریوں اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے فراہم کی جارہی ہے۔
ناروے کے وزیراعظم یوناس گہر اسٹورے نے کہا کہ ’’ہم جرمنی کے ساتھ مل کر یوکرین کو طاقتور ایئر ڈیفنس سسٹمز فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنے ملک کا دفاع کر سکے اور عوام کو روسی فضائی حملوں سے محفوظ رکھ سکے‘‘۔
رپورٹس کے مطابق ناروے اور جرمنی مل کر دو پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹمز اور ان کے میزائل فراہم کریں گے۔ اس کے علاوہ ناروے جرمن کمپنی ہینسولٹ سے ایئر ڈیفنس ریڈار اور اپنی مقامی کمپنی کونگزبرگ کے تیار کردہ دفاعی نظام کی خریداری میں بھی حصہ ڈال رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ پیکج یوکرین کی فضائی صلاحیت کو کافی مضبوط کرے گا، کیونکہ حالیہ دنوں میں روس نے ڈرون اور میزائل حملوں کی شدت بڑھا دی ہے۔