دوحہ: (دنیا نیوز) اسرائیلی فورسز کی جانب سے دوحہ کے علاقے قطارہ میں فضائی حملے میں سینئر حماس رہنما کے بیٹے اور سیکرٹری سمیت 6 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
تل ابیب سے جاری بیان میں اسرائیلی فوج نے تسلیم کیا ہے کہ دوحہ میں دھماکے کے ذریعے حماس کے سینئر رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اس قبل اسرائیلی بم باری سے دوحہ کا علاقہ کتارا کئی دھماکوں سے گونج اٹھا تھا، مقامی افراد نے متعدد عمارتوں کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاع دی، دھماکوں سے شہر بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حماس ذرائع کے مطابق فضائی حملے کے وقت حماس کے متعدد رہنماؤں کا اجلاس جاری تھا اور اجلاس میں حماس رہنما غزہ جنگ بندی کے حوالے سے امریکی صدر کی تجویز پر غور کر رہے تھے۔
— IWN (@A7_Mirza) September 9, 2025
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی بم باری کے دوران اجلاس میں حماس کے 5 سینئر رہنما خالد مشعل، خلیل الحیہ، ظہیر جبران، محمد درویش اور ابو مرزوق موجود تھے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کے سینیئر رہنما خلیل الحیہ کے بیٹے اور سیکرٹری سمیت 6 افراد شہید ہوگئے۔
ایک اسرائیلی عہدے دار کا کہنا ہے کہ دوحہ میں حماس رہنماؤں پر حملے سے پہلے امریکا کو اطلاع دی گئی تھی، امریکا نے حماس رہنماؤں پر حملے میں مدد فراہم کی ہے۔
قطر کی دوحہ میں اسرائیلی حملے کی شدید مذمت
ترجمان قطری وزارت خارجہ ڈاکٹر ماجد بن محمد الانصاری کے مطابق قطر اسرائیل کی جانب سے دارالحکومت دوحہ میں رہائشی عمارتوں اور حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
— د. ماجد محمد الأنصاري Dr. Majed Al Ansari (@majedalansari) September 9, 2025
ترجمان قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ مجرمانہ حملہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور قطری شہریوں اور قطر میں رہنے والے باشندوں کی سلامتی و تحفظ کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
ترجمان کے مطابق سکیورٹی فورسز، سول ڈیفنس اور متعلقہ اداروں نے فوری طور پر واقعے سے نمٹنے اور رہائشی علاقوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا قطر میں حماس رہنماؤں پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت
ترجمان قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قطر اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کرتا ہے کہ وہ اسرائیل کے اس غیر ذمہ دارانہ رویے اور خطے کے امن میں جاری خلل کو برداشت نہیں کرے گا، نہ ہی اپنی سلامتی اور خودمختاری کو نشانہ بنانے والے کسی اقدام کو قبول کرے گا۔
حماس کی اسرائیلی حملے میں سینئر رہنماؤں کی شہادت کی تردید
فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیلی حملے میں سینئر رہنماؤں کی شہادت کی تردید کردی۔
حماس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قطر ی دارالحکومت دوحہ میں اجلاس میں موجود حماس کے رہنما اسرائیلی حملے میں محفوظ رہے ہیں۔
امریکا کا دوحہ میں اسرائیلی حملے پر تبصرہ سے انکار
وائٹ ہاؤس کی ڈپٹی پریس سیکریٹری اینا کیلی نے الجزیرہ کو بتایا کہ دوحہ میں اسرائیلی حملوں پر امریکی انتظامیہ کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا جا رہا، وہ واضح طور پر اس صورتحال کو دیکھ رہے ہیں کہ یہ کیسے آگے بڑھتی ہے۔
اینا کیلی کے مطابق امریکی صدر غالبا سب سے پہلے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر اس پر تبصرہ کریں گے، اس کے علاوہ، ساڑھے 3 گھنٹے بعد ہماری ایک پریس بریفنگ ہے، جہاں وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ کو کئی سوالوں کے جوابات دینے کا موقع ملے گا۔
ڈپٹی پریس سیکریٹری نے مزید کہا کہ یہ بات کہ آیا امریکی کمانڈر اِن چیف نے قطر پر اس حملے کی منظوری دی تھی، جہاں امریکا کا فوجی اڈہ بھی موجود ہے، فی الحال قیاس آرائیوں پر مبنی ہے۔
اقوام متحدہ کی قطر میں اسرائیلی حملوں کی مذمت
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے قطر پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی اور اس اقدام کو قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ قطر غزہ میں جنگ بندی کروانے اور حماس کے قبضے میں موجود تمام یرغمالیوں کی رہائی کے لیے نہایت مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔
انتونیو گوتریس نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ تمام فریقین کو مستقل جنگ بندی کے قیام کی طرف بڑھنا چاہیے، نہ کہ اِسے تباہی کے راستے پر لے جائیں۔