تہران: (دنیا نیوز) قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس رہنماؤں پر حملے پر ایران کا ردعمل سامنے آگیا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے دوحہ میں اسرائیل کی جانب سے حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے کے عمل کو خطرناک اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا یہ انتہائی خطرناک اور مجرمانہ اقدام ہے، جو بین الاقوامی قوانین و ضوابط کی کھلی خلاف ورزی اور قطر کی قومی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کی صریح پامالی ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے قطر پر فضائی حملہ کرکے مقبوضہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سینیئر ترین رہنما خلیل الحیہ اور دیگر کو نشانہ بنانےکا دعویٰ کیا ہے۔
حماس ذرائع کے مطابق اسرائیلی جانب سے فضائی حملہ کیا گیا، حملے کے وقت حماس کے متعدد رہنماؤں کا اجلاس جاری تھا، اجلاس میں حماس رہنما غزہ جنگ بندی کے حوالے سے امریکی صدر کی تجویز پر غور کر رہے تھے۔