تہران: (دنیا نیوز) ایران نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی سے تعاون ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ایرانی سکیورٹی کونسل کا کہنا ہے اقوام متحدہ میں پابندیوں سے متعلق قرارداد کی منظوری کے بعد فیصلہ کیا گیا، یورپی ممالک کی جانب سے پابندیوں کے سبب آئی اے ای اے سے تعاون ختم کردیا جائے گا، تہران کی جانب سے تعاون ختم کرنے کا وقت نہیں بتایا گیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی کہا ہے کہ ایران دوبارہ پابندیوں کی صورتحال کا مقابلہ کرسکتا ہے، انہوں نے کہا پابندیوں کے ذریعے راستہ روکا جا سکتا ہے لیکن حالات سے راستے کھلتے اور بنا ئے جاتے ہیں۔
ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ ہماری جوہری تنصیبات نطنز یا فردو کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے لیکن حملہ کرنے والے ہمیں روک نہیں سکتے، حملہ کرنے والے نہیں جانتے کہ نطنز کو انسانوں نے بنایا اور وہی اسے دوبارہ بنائیں گے۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ایران کبھی بھی حد سے بڑے مطالبات کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالے گا، ایران کے پاس حالات بدلنےکی طاقت ہے۔