نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے الگ اور آزاد ریاست کا قیام فلسطینیوں کا حق قرار دیدیا۔
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی ریاست کا قیام کوئی انعام نہیں بلکہ ان کا حق ہے اور اس حق سے انکار انتہا پسندوں کو ایک تحفہ دینے کے مترادف ہوگا۔
انتونیو گوتریس نے ایک بار پھر دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ واحد راستہ یہی ہے کہ دو خود مختار اور آزاد ریاستیں ایک دوسرے کو تسلیم کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری کا حصہ بنیں۔
انہوں نے مزید خطاب کرتے ہوئے مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی مسلسل توسیع کو ناقابل جواز قرار دیتے ہوئے اسے فوراً روکنے کا مطالبہ کیا، انہوں نے کہا کہ مغربی کنارے میں بستیوں کی مسلسل توسیع کا کوئی جواز پیش نہیں کرسکتا، اس سے امن کی باقی امیدیں بھی ختم ہو رہی ہیں۔
یواین سیکرٹری جنرل نے ایک بار پھر جنگ بندی کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ الحاق کا خطرہ اور آبادکاروں کے تشدد کی شدت کو فوری روکنا چاہئے۔
یاد رہے کہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کانفرنس جاری ہے جس کی سربراہی فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کر رہے ہیں۔