واشنگٹن: (دنیا نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ پر مذاکرات کے لیے ایک اور امریکی ٹیم روانہ ہو گئی ہے، مجھے لگتا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن کا امکان موجود ہے۔
ٹرمپ نے کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی کے ہمراہ اوول آفس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم یقیناً غزہ کے بارے میں بات کریں گے ہم بہت سنجیدہ مذاکرات میں مصروف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں قیام امن کا امکان موجود ہے۔ یہ صرف غزہ کے معاملے سے بھی آگے کی بات ہے، ہم یرغمالیوں کی فوری رہائی چاہتے ہیں اور اسی لیے ہماری ایک ٹیم وہاں موجود ہے، جب کہ ایک اور ٹیم ابھی روانہ ہوئی ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ دنیا کے تمام ممالک نے ان کے 20 نکاتی غزہ منصوبے کی حمایت کی ہے، جس میں غزہ میں موجود تمام اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے بدلے فلسطینی قیدیوں کی رہائی، جنگ بندی، حماس کا غیر مسلح کیا جانا،اور غزہ کی دوبارہ تعمیر شامل ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مصر کے ساحلی شہر شرم الشیخ میں غزہ میں تقریباً دو سال سے جاری جنگ کے خاتمے کیلئے حماس اور اسرائیل کے وفود کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا آغاز ہوگیا تھا۔



