واشنگٹن ڈی سی :(دنیا نیوز) امریکی صدر ٹرمپ کی انتظامیہ کے خلاف ملک گیر مظاہرے جاری ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ملک کے 2500 سے زائد مقامات پر احتجاجی ریلیاں اور دھرنے دے جارہے ہیں،واشنگٹن ڈی سی میں صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف ریلی نکالی گئی۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ شرکا نے صدر ٹرمپ کے خلاف ’ نو کنگز‘ کے نعرے بلند کیے جب کہ ’نو کنگز‘ کے نام سے امریکا کی 50 ریاستوں میں آج مظاہرے متوقع ہیں۔
دوسری جانب مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ ٹرمپ کی حکومت جارحانہ اور آمرانہ ہو چکی ہے، امریکی عوام امیگریشن، تعلیم اور سکیورٹی سے متعلق پالیسیوں پر احتجاج کررہے ہیں۔
امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا مزید کہنا تھا کہ تارکین وطن کے خلاف کارروائیاں اور فوجی تعنیاتیاں احتجاج کو ہوا دے رہیں ہیں جب کہ ٹرمپ اور ری پبلکنز نے مظاہروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں امریکا مخالف قرار دیا۔
یاد رہے امریکہ میں احتجاج ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب سیاسی تعطل سے وفاقی حکومت شٹ ڈاؤن کا شکار ہے۔