غزہ میں جنگ بندی برقرار ہے، امریکی نائب صدر

Published On 29 October,2025 03:13 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی برقرار ہے۔

غزہ میں کشیدہ ہوتی صورت حال پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ حماس یا کسی اور نے اسرائیلی فوجی پر حملہ کیا جس کے بعد توقع ہے کہ اسرائیل اس حملے کا جواب دے رہا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے حکم پر اسرائیلی طیاروں نے غزہ شہر پر فضائی حملے شروع کیے تھے، اسرائیل نے شمالی غزہ کے ہسپتال کے قریب حملہ کیا ہے، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس پر معاہدے کی خلاف ورزی کرنے اور اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کرنے کے بے بنیاد الزامات بھی عائد کیے۔

دوسری جانب غزہ میں حماس کے سیاسی بیورو کے رکن سہیل الہندی نے الجزیرہ کو بتایا کہ اسرائیل کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ہم معاہدے کے پابند ہیں، اور انہیں ہم پر اس کی خلاف ورزی کا جھوٹا الزام لگانا بند کرنا چاہیے، حماس نے لاشوں کو تلاش کرنے کیلئے ریڈ زون میں سرچ ٹیموں کے داخلے کا کہا جس سے قابض فوج نے انکار کر دیا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ گروپ اسرائیل کے حملوں کے باوجود جنگ بندی معاہدے کیلئے پرعزم ہے۔