غزہ: (ویب ڈیسک) حماس نے ایک اور یرغمالی کی لاش اسرائیل کے حوالے کردی۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے ریڈ کراس کے ذریعے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے دی گئی یرغمالی کی لاش موصول ہونے کی تصدیق کردی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق لاش کو پولیس کی نگرانی میں تل ابیب کے ابو کبیر فرانزک انسٹی ٹیوٹ منتقل کر دیا گیا جہاں شناخت کا عمل دو دن تک جاری رہنے کا امکان ہے، حماس اس سے قبل 16 یرغمالیوں کی لاشوں کو اسرائیل کے حوالے کرچکا ہے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے حماس کے پاس اب بھی 12 یرغمالیوں کی لاشیں موجود ہیں، یاد رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو ہلاک یرغمالیوں کی تلاش میں مدد کے لیے مصری تکنیکی ٹیم کو غزہ میں داخلے کی منظوری دے چکے ہیں۔
اسرائیلی حکومت کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ریڈ کراس اور مصری ٹیموں کو غزہ میں اسرائیلی فوج کی ییلو لائن کے پار جا کر یرغمالیوں کی لاشیں تلاش کرنے کی اجازت ہوگی۔



