اسرائیل کی امن معاہدے کی خلاف ورزیاں، مغربی کنارے حملہ، ایک فلسطینی شہید

Published On 27 October,2025 03:40 am

غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیل کی جانب سے امن معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری رہیں۔

صیہونی فورسز نے مغربی کنارے پر حملہ کرکے ایک اور فلسطینی کو شہید کر دیا جبکہ متعدد زخمی بھی ہوگئے، غزہ میں جنگ بندی کے بعد سے ابتک 93 فلسطینی شہید،320 زخمی ہوئے، شہدا کی مجموعی تعداد 68 ہزار 519 ہوگئی،1 لاکھ 70 ہزار 382 افراد زخمی ہو چکے۔

مغربی کنارے میں بھی غیر قانونی اسرائیلی آبادکاروں کے حملے جاری رہے، اقوام متحدہ نے غزہ کی انسانی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ ترجمان حماس حازم قاسم نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، اسرائیل نے جنگ بندی کے بعد اب تک 90 فلسطینیوں کوشہید کیا، خلاف ورزیوں میں رفح بارڈرکی بندش اورامداد کی فراہمی روکنا شامل ہے، غزہ امن معاہدے کی کامیابی اورنفاذ کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔

حماس کے ترجمان نے مزید کہنا تھا کہ مصر، قطر اور ترکیہ سے واضح ضمانتیں موصول ہوئی ہیں، امریکا کی جانب سے بھی براہ راست تصدیق کی گئی۔

ترجمان حماس حازم قاسم کا کہنا تھا کہ امریکا کا مقبوضہ مغربی کنارے کو اسرائیل میں ضم نہ کرنے کا مؤقف مثبت قدم ہے۔