سعودی عرب کا فلسطین اور اس کے عوام کیلئے غیر متزلزل حمایت کا اعلان

Published On 29 October,2025 03:47 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے کہا ہے کہ فلسطین اور اس کے عوام کے لئے ہمارا موقف مستحکم اور اٹل ہے۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ بات اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل نمائندہ ڈاکٹر عبدالعزیز الواصل نے فلسطینی عوام کے لئے مملکت کے مضبوط اور غیر متزلزل مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے فرانس کے ساتھ مل کر دو ریاستی حل کانفرنس کی قیادت کی۔

ڈاکٹر عبدالزیز الواصل نے ایک بار پھر اسرائیلی کنیسٹ کی طرف سے مقبوضہ مغربی کنارے کا اسرائیل کے ساتھ الحاق کرنے اور غیر قانونی نوآبادیاتی آباد کاری پر اسرائیلی خودمختاری کو قانونی حیثیت دینے کے لئے دو مسودہ قوانین کی منظوری کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اسرائیلی قابض حکام کی طرف سے اختیار کی گئی تمام آباد کاری اور توسیع پسندانہ خلاف ورزیوں کو مکمل طور پر مسترد کرنے پر زور دیتا ہے اور متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق مشرقی القدس کے ساتھ 1967 کی سرحدوں پرمشتمل اپنی آزاد ریاست کے قیام کے فلسطینی عوام کے موروثی اور تاریخی حق کی حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔