اسرائیل کی جنگ بندی کی خلاف ورزی، حماس نے مغویوں کی لاشوں کی حوالگی مؤخر کردی

Published On 29 October,2025 10:13 am

غزہ: (دنیا نیوز) فلسطینی مزاحمتی تنظیم نے مغویوں کی لاشوں کی حوالگی اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے باعث مؤخر کرنے کا اعلان کردیا۔

حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ اسرائیلی فوج کے مسلسل حملے یرغمالیوں کی لاشوں کی تلاش اور اس کی حوالگی کے عمل میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔

جنگ بندی معاہدے کے تحت حماس نے گزشتہ روز ایک اسرائیلی یرغمالی کی لاش حوالے کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی کے بعد یہ عمل مؤخر کر دیا گیا۔

حماس نے اپنے بیان میں اسرائیلی بمباری کو شرم الشیخ میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی قرار دیدیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ رفح کراسنگ کی مسلسل بندش اس بات کی علامت ہے کہ اسرائیل معاہدے کی شرائط پامال کرنے اور اسے سبوتاژ کرنے پر تُلا ہوا ہے۔

حماس نے جنگ بندی کے ضامن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری اقدام کرتے ہوئے اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ وہ حملے بند کرے اور معاہدے کی تمام شقوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔