تنزانیہ: متنازعہ صدارتی انتخابات کیخلاف مظاہرے شدت اختیار کرگئے، 700 افراد ہلاک

Published On 31 October,2025 10:35 pm

ڈوما: (ویب ڈیسک) تنزانیہ میں متنازعہ صدارتی انتخابات کے خلاف مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 700 تک پہنچ گئی۔

تنزانیہ کی اپوزیشن جماعت کے ترجمان کے مطابق دارالسلام میں 350 اور موانزا میں 200 سے زائد افراد مارے گئے۔

ترجمان نے بتایا کہ یہ اعداد و شمار پارٹی کارکنان نے اسپتالوں اور طبی مراکز سے لاشوں کی گنتی کے بعد جمع کیے جبکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق مصدقہ اطلاعات سے معلوم ہوا ہے کہ کم از کم 100 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

مظاہروں سے نمٹنے کے لیے ملک بھر میں فوج تعینات کردی گئی ہے جبکہ انٹرنیٹ بند اور کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، مشتعل مظاہرین نے دارالسلام ائیرپورٹ پر بھی دھاوا بول دیا جبکہ بسوں، پیٹرول پمپس اور پولیس اسٹیشنز کو آگ لگادی اور کئی پولنگ مراکز تباہ کر دیے۔

حالیہ انتخابات میں صدر سامیہ سُلوحو حسن نے 96.99 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ دو بڑی اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں کو انتخابی دوڑ سے باہر کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ تنزانیہ کی اپوزیشن جماعتوں نے نتائج مسترد کرتے ہوئے عبوری حکومت کے قیام کا مطالبہ کیا ہے۔